معروف اسکالر ڈاکٹر معین الدین عقیل کے لیے جاپان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز

شہنشاہ جاپان Akihito نے عالمی سطح کی ۴۰ ممتاز شخصیات کو ان کی علمی اور تہذیبی خدمات کی ستائش میں جاپان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز “Order of the Rising Sun” دیا ہے۔ ان شخصیات میں پاکستان کے نامور محقق اور جامعہ کراچی کے شعبہ اردو کے سابق صدر پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل بھی شامل ہیں، جنہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ علم و ادب کے شعبے، خاص طور پر جاپان میں اردو اور مطالعہ پاکستان کی تدریس اور تحقیق کے علاوہ جاپان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی اور علمی روابط کے فروغ میں بھی ان کی خدمات وہاں کے سرکاری، علمی اور تعلیمی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھتی جاتی ہیں۔

ڈاکٹر عقیل طویل عرصے تک جامعہ کراچی میں تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے کلیۂ زبان و ادبیات کے سربراہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر دس سال تک اٹلی کی ’’اورینٹیل یونیورسٹی‘‘ اور جاپان کی چار نامور یونیورسٹیوں میں مہمان پروفیسر اور ریسرچ فیلو کے طور پر کام کیا ہے۔ اس طرح سات یونیورسٹیوں سے مستقل اور باقاعدہ وابستگی کا ایک ایسا اعزاز انہیں حاصل ہے جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ ملک اور بیرون ملک اردو اور انگریزی زبانوں میں ان کی ساٹھ سے زیادہ کتب اور تین سو سے زائد مقالات عالمی معیار کے ممتاز مجلات میں شائع ہو چکے ہیں۔

(بشکریہ: ’’اخبارِ تحقیق‘‘ ادارہ تحقیقاتِ اسلامی، اسلام آباد۔ خصوصی شمارہ ۲۰۱۳ء)


اکیڈمی کی جانب سے تقریبِ پزیرائی

Order of the rising sun
Order of the rising sun

معروف اسکالر و محقق پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل کو جاپان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز “Order of the Rising Sun” ملنے پر اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں اکیڈمی کے منتظمِ اعلیٰ سید شاہد ہاشمی، شعبۂ تحقیق و تصنیف کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری کے علاوہ محققین و اساتذہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر معین الدین عقیل نے اردو ادب اور جنوبی ایشیا کی تاریخ کے علاوہ جاپان کی جامعات میں اسلام اور علاقائی علوم، بالخصوص جنوبی ایشیا کے حوالے سے کیے جانے والے کام پر گفتگو کی۔ شرکا نے ڈاکٹر معین کی علمی کاوشوں کو سراہا اور ان کے لیے تہنیتی کلمات کہے۔ تقریب کے اختتام پر اکیڈمی کے منتظمِ اعلیٰ سید شاہد ہاشمی نے ڈاکٹر معین الدین عقیل کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

☼☼☼

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*