Abd Add
 

’’ریسرچ میتھوڈولوجی کورس‘‘ کی اختتامی تقریب

شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ سید شاہد ہاشمی، ڈاکٹر نثار احمد زبیری اور ڈاکٹر وقار احمد زبیری کا خطاب

اسلامک ریسرچ اکیڈمی، کراچی کے شعبہ تحقیق کے تحت چھ لیکچرز پر مشتمل ’’ریسرچ میتھوڈولوجی کورس‘‘ کے اختتام پر گذشتہ دنوں کورس کے شرکا میں تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں شرکاء کورس کے علاوہ اہل علم شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک ریسرچ اکیڈمی کے ڈائریکٹر سید شاہد ہاشمی نے کہا کہ علم کے ساتھ عمل لازم وملزوم ہے، دنیا میں وہی غلبہ پاتا ہے جو کم از کم دو چیزوں یعنی علم اور ایمان میں توانا، مستحکم اور راسخ ہو۔ اس کی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دنیا پر جن لوگوں کا قبضہ ہے وہ بھی راسخ العقیدہ ہیں، چاہے باطل پر ہی ان کا ایمان کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا ’’مغربی ترقی‘‘ اندھے کی بندر بانٹ یا رحمتیں نہیں ہیں، بلکہ اس کے بہت مضبوط اسباب ہیں۔ مغرب کے لوگوں نے جن چیزوں کا بھی مطالعہ کیا، گہرائی اور گیرائی کے ساتھ کیا۔ وہ چیونٹی کا مطالعہ کریں تو اتنی معلومات فراہم کر دیتے ہیں کہ انسان حیران رہ جاتا ہے اور سوچتا ہے کہ شاید مزید معلومات ممکن نہیں ہیں، وہ جو بھی کام کرتے ہیں باکمال کرتے ہیں۔ مگر اس کے برعکس انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہم جو مسلمان کہلاتے ہیں، کا سارا زور حصولِ زر اور سَستی شہرت کمانے پر ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہمیں یہ رَوِش بدلنا ہوگی اور خود کو کم از کم علم و ایمان دنوں میں مستحکم و توانا بنانا ہوگا۔ انھوں نے کورس کے لیکچرر پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد زبیری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ تحقیق کے راستے شرکاء کورس امت کی خیرو بھلائی کے لیے کام کریں گے۔ قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد زبیری نے اپنے خطاب میں کورس کے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی زبان دانی پر توجہ دیں۔ نیز یہ کہ اپنی تحریروں میں اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کی کہی یا لکھی ہوئی بات حرفِ آخر نہیں۔ اس میں اختلاف و اضافہ کی گنجائش ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی تحقیق کو مکمل طور پر غیر جانبدار رکھنے کی کوشش کریں تاکہ اسے قابلِ اعتماد و اعتبار سمجھا جائے۔ آخر میں اکیڈمی کے شعبہ تحقیق کے نگراں پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری نے ڈاکٹر نثار احمد زبیری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تحقیق سے دلچسپی رکھنے والوں کو ادارہ کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی۔ بعد ازاں شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ نظامت کے فرائض شعبہ تحقیق کے سیکریٹری علی حسین نے انجام دیے۔

(رپورٹ: محمد آفتاب احمد)

Leave a comment

Your email address will not be published.


*


This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.