مصنف: محمد تنزیل الصدیقی الحسینی
تبصرہ: حکیم سید محمود احمد برکاتی
جناب محمد تنزیل صاحب ایک نامور علمی خاندان کے فرد ہیں۔ وہ ایک دینی مزاج اور دلِ درد مند رکھنے والے اہلِ قلم ہیں۔ دینی موضوع پر لکھتے رہتے ہیں اور کئی رسائل اور کتابیں تصنیف اور شائع کر چکے ہیں۔
پیشِ نظر کتاب دینی و سیاسی اور تاریخی مواد پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں توحید و رسالت اور نزولِ عیسیٰ علیہ السلام پر پُرمغز گفتگو کی ہے‘ توحید کا اثبات توریت‘ انجیل‘ ہندومت‘ بدھ مت اور پارسی مذہب کی کتابوں سے کیا ہے پھر حضور اکرمﷺ کی رسالت پر انبیاے کرام علیہم السلام اور گوتم بدھ اور ہنود کی کتابوں سے پیش گوئیاں اور بشارتیں نقل کی ہیں۔ اس کے بعد مسلم امہ کے عہدِ جدید کے سیاسی‘ اقتصادی اور علمی تقاضوں کا بیان کر کے آخر میں اپنی اس اذعان کا ذکر کیا ہے کہ موجودہ حالِ تباہ کے باوجود مایوسی اور پست ہمتی کا نہیں‘ امید کا پہلو غالب ہے۔ عالمِ اسلام کا مستقبل تابناک ہے اور ان شاء اﷲ امت کی بیداری کے نتیجے میں‘ مسلسل کامیابیوں اور فتح مندیوں کے امکانات قوی اور روشن تر ہیں۔ عہدِ حال میں مسلمان مغلوب ہو رہے ہیں لیکن اسلام نہ کبھی مغلوب ہوا ہے نہ کبھی مغلوب تھا بلکہ غالب اور فتح ہو گا‘ ان شاء اﷲ۔
***
Leave a Reply