اِخوان المسلمون کے خلاف خطبہ دو، ورنہ ۔۔۔

الوطن اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مکہ القسیم کی مساجد میں خطبے دینے والے تقریباً ۱۰۰؍ آئمہ کرام کو نکال دیا ہے۔ اقدام کی بڑی وجہ علما کرام کی جانب سے حکومتی ہدایات کے مطابق اخوان المسلمون کے خلاف جمعے کا خطبہ دینے سے گریز کرنا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ مذہبی امور و دعوت و تربیت نے تمام آئمہ کرام اور خطیبوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے خطبوں میں ’’اخوان المسلمون‘‘پر تنقید کریں اور انھیں معاشرے میں تفریق و تقسیم کا ذمہ دار قرار دیں۔

گزشتہ ماہ وزارت نے ہدایات جاری کی تھیں کہ سینئر اسکالر ز کی سعودی کونسل کی طرف سے جاری کیے جانے والے متنازع بیان پر ایک خطبہ دیا جائے،کونسل نے اخوان کے خلا ف بیان جاری کرتے ہوئے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔اور کہا تھا کہ یہ تنظیم اسلام کی دعوت کا کام کرنے کے بجائے اپنے مخصوص مفادات کے لیے کام کرتی ہے۔

سعودی عرب نے ۲۰۱۴ء میں اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی عائد کر دی تھی۔۱۹۵۰ء میں سعودی عرب نے ایک ایسے وقت میں جب مصر،شام اور دنیا کے دیگر ممالک میں اخوان کے کارکنان کو جیلوں میں ڈالا جا رہا تھا تو سعودی عرب نے اخوان کے ہزاروں کارکنان کو اپنی سرزمین پر پناہ دی تھی۔جس کے نتیجے میں اخوان نے بہت جلد سعودی عرب میں اثرورسوخ حاصل کر لیا۔

۱۹۹۰ء میں عراق کی جانب سے کویت پر حملے کے بعددونوں کے تعلقات خراب ہونا شروع ہو گئے،پھر ۲۰۰۳ء میں عراق پر امریکی حملے میں سعودی حمایت کے نتیجے میں تعلقات بالکل ہی ختم ہو گئے۔اخوان نے سعودی عرب میں امریکی فوج کی موجودگی پر کھلے عام تنقید کی اور اس سے وابستہ افراد نے ملک میں سیاسی اصلاحات کی کوششیں بھی کیں۔اگر چہ حکام نے اس مہم کا تو مکمل خاتمہ کر دیا اور ساتھ ہی ۲۰۰۲ء میں وزارتِ داخلہ نے اخوان کو ’’دہشت گرد‘‘ تنظیم قرار دے دیا اور بیان میں کہا کہ میں ملک میں موجود تمام برائیوں کی جڑ یہی تنظیم ہے۔

۲۰۱۳ء میں سعودی عرب کی حمایت سے مصر کے وزیر دفاع السیسی نے فوجی بغاوت کے ذریعے مصر کی پہلی منتخب جمہوری حکومت کا خاتمہ کر دیا۔یاد رہے کہ منتخب جمہوری حکومت کے صدرمرسی کا تعلق اخوان المسلمون سے تھا۔

(ترجمہ: حافظ محمد نوید نون)

“Saudi sacks 100 Islamic preachers for failing to condemn Muslim Brotherhood”. (“middleeastmonitor.com”. December 18, 2020)

1 Comment

  1. کب تک اپنے شخسی باادشاہی حکومت بچانے کے لیے غیر مسلموں کو خوش کرنے کے لیے اخوان پر ظلم کرو گے۔ تمھارے سے ہی اندر سے لوگ اُٹھ کر تمھاری شخصی بادشاہت ختم کر دیں گے یہ مکافات عمل سے جو ازل سے جاری ہے۔ ۔ ۔ انتظار کرو ہم بھی انتظار کریں گے۔ ۔ ۔

Leave a Reply to mir afsar aman Cancel reply

Your email address will not be published.


*