Abd Add
 

مولانا سید جلال الدین عمری کے بحیثیت امیر جماعت اسلامی ہند انتخاب پر اسلامک ریسرچ اکیڈمی، کراچی کے خط کا متن

السلام علیکم و رحمۃ اﷲ و برکاتہٗ!
محترمی و مکرمی حضرت مولانا سید جلال الدین عمری صاحب!!

اُمید ہے بفضلِ تعالیٰ آپ، آپ کے اہلِ خانہ اور تحریکی احباب خیر و عافیت سے ہوں گے۔

آج روزنامہ ’’جسارت‘‘ کراچی کی خبر سے معلوم ہوا کہ جماعت اسلامی ہند کی ’’مجلسِ نمائندگان‘‘ نے اگلی چہار سالہ میقات کے لیے بھی بطور امیرِ جماعت اسلامی ہند آپ ہی کا انتخاب کیا ہے۔ گو ہم وہاں کے داخلی حالات اور ذمہ داران سے زیادہ واقف نہیں۔ لیکن جتنا جانتے ہیں، اس کے مطابق ہماری رائے میں یہ بہت اچھا انتخاب ہوا ہے۔ اﷲ سبحانہٗ و تعالیٰ مجلسِ نمائندگان کے اس فیصلے کو جماعت کے لیے، ارضِ ہند میں اپنے دین کی تقویت کے لیے اور خود آپ کے لیے باعثِ خیر و برکت و رحمت بنائے۔ پوری جماعت کو اپنی قیادت پر گہرا اعتماد اور بھرپور یکسوئی عطا کرے۔ آپ کی عمر و صحت میں برکت دے اور ہر طرح سے عافیت میں رکھے۔

تحریکِ اسلامی کی قیادت کرتے ہوئے علم و فضل، فہم و فراست، حکمت و بصیرت، مردم شناسی و دور اندیشی، جرأت و استقامت، قوتِ فیصلہ و نافذہ، استعدادِ کار اور توانائی اور مستقبل بینی کے لائق درست اور بے عیب وژن اور وسعتِ نظر کی جیسی اور جتنی ضرورت ہوتی ہے، ربِ کریم اپنے فضل و کرم سے وہ سب آپ کو وافر عطا فرمائے۔

یہ دعا بھی ہے کہ ارحم الراحمین آپ کے ذریعہ جماعت کے بہترین اصحاب کو جماعتی مناصب تک پہنچائے اور جماعت کی اگلی قیادت کے لیے بھی بہترین فرد کو چُننے، تیار کرنے اور آگے بڑھانے میں آپ کی مدد فرمائے۔

ہم سب آپ کے لیے، تمام تحریکی احباب کے لیے اور سرزمینِ ہند میں اﷲ کا کلمہ بلند کرنے والی جماعت اسلامی ہند کے لیے خلوصِ دل سے دعا گو ہیں۔ اپنی دعائوں میں ہمیں بھی یاد رکھیے گا۔

والسلام!
سید شاہد ہاشمی
(ایگزیکٹو ڈائریکٹر)
اسلامک ریسرچ اکیڈمی، کراچی

Leave a comment

Your email address will not be published.


*