امریکی فوجی ماہرین پاکستان میں

پاکستان کے قبائلی علاقے میں القاعدہ اور طالبان کے خلاف جاری جنگ میں ستر سے زیادہ امریکی فوجی ماہرین پاکستانی فوج کی خفیہ طور پر مدد کر رہے ہیں۔ امریکا میں شائع ہونے والے مقتدر روزنامے ’’نیویارک ٹائمز‘‘ نے امریکی فوجی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ان فوجی ماہرین میں سے زیادہ تر کا تعلق امریکا کی اسپیشل فورسز سے ہے جو پاکستانی فوج اور نیم فوجی دستوں کو تربیت کے علاوہ خفیہ معلومات اور فوجی کارروائی کی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔

اخبار کا کہنا ہے کہ یہ فوجی ایک ’’خفیہ ٹاسک فورس‘‘ کا حصہ ہیں اور اس کی نگرانی امریکا کی ’’سینٹرل کمانڈ‘‘ اور ’’اسپیشل آپریشن کمانڈ‘‘ کرتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اور پاکستانی فوج میں تعاون کا یہ سلسلہ گزشتہ سال سے شروع ہوا تھا۔

پاکستانی فوج کے ایک اعلیٰ افسر کے حوالے سے جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا‘ اخبار لکھتا ہے کہ فرنٹیئر کور میں حال ہی میں بنائے گئے کمانڈ یونٹ نے امریکی سینٹرل کمانڈ کی طرف سے فراہم کردہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ سال ساٹھ کے قریب طالبان کو ہلاک کیا تھا جن میں کم از کم پانچ سرکردہ راہنما بھی شامل تھے۔

اخبار کے مطابق چار ہفتے قبل خیبر ایجنسی میں فوجی کمانڈوز نے آپریشن کرتے ہوئے القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک سرکردہ سعودی شہری کو گرفتار کر لیا تھا۔

(بحوالہ: ماہنامہ ’’طاہرہ‘‘ کراچی۔ مارچ ۲۰۰۹ء)

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*