
پہاڑوں اور پانیوں کی انسان سے نہ جانے کیا اُنسیت ہے کہ یہ ایک دوسرے سے جدا ہی نہیں ہوتے۔ پہاڑوں کی بلندیاں انسان کو نئے عزائم اور چیلنجز کی طرف بلاتی ہیں، اور پانیوں کا بہاؤ، زندگی کو ہر آن نمو کی دعوت دیتا ہے۔ یہی پانی غضبناک ہو کر بستیوں کو کھا جاتا ہے لیکن انسانی آبادیاں اس سے وابستہ رہنے میں ہی اپنی بقا سمجھتی ہیں۔ پہاڑ انسانوں کو نگل لیتے ہیں مگر ان کی کشش، مقناطیس کی طرح لوگوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ بقا اور فنا، ہست اور نیست کا یہ سلسلہ نہ جانے کب سے جاری ہے اور کب تک جاری رہے گا۔ پہاڑوں، پانیوں اور انسانوں کے اس میل جول میں ہمارے کتنے ہی محبوب زندگیاں لے کر اپنے پیاروں کے درمیان واپس نہ لوٹ سکے۔ تسنیم عالم منظر اور نصراللہ شجیع جیسے سجیلے جوانوں کے بعد ڈاکٹرحسن صہیب مراد اس قبیلہ کے نئے فرد ہیں۔
علم اور حلم معاشرے میں ویسے ہی کمیاب ہیں اور ان دونوں کا امتزاج اس سے بھی محال۔ اکثر صورتوں میں عالم کو اپنے علم پر زعم ہوتا ہے جو کبر اور عْجب کی نجانے کون کون سی شکلیں تراش لیتا ہے۔ حلیم الطبع لوگ بلاشبہ معاشرے میں پائے جاتے ہیں مگر اکثر صورتوں میں وہ گہرائی اور گیرائی سے نا آشنا ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد کو اللہ نے نوازا اور اس طرح نوازا کہ لوگوں کے دلوں میں ان کی محبت گھول کر رکھ دی۔ ان کی موت پر ایک عالم ہے جو خود سے تعزیت کر رہا ہے۔ تعزیت کی جائے تو کس سے۔ احمد مراد، فاروق مراد، ابراہیم مراد یا سید بلال، یا پھر ہم سب کے روحانی بزرگ پروفیسر خورشید احمد صاحب سے۔
ان کی حادثاتی اور ناگہانی موت پر ہر فرد اپنے آپ کو محروم سمجھ رہا ہے۔ اس فانی دنیا میں اس سے بڑھ کر اور کیا خوش قسمتی ہوسکتی ہے کہ ایک شخص یوں بے تحاشا سب کا محبوب بن جائے اور ہر فرد اپنے آپ کو اپنے ممدوح سے قریب ترین جانتا ہو۔ حسن بھائی کے پسماندگان میں کیا افراد، کیا ادارے سبھی شامل ہیں۔
دنیا باصلاحیت انسانوں سے کبھی خالی نہیں رہتی، مگر ایسے انسان جو اپنے کام کو زندہ، فعال اور مؤثر اداروں کی شکل میں ڈھال دیں، وہ ہمیشہ انگلیوں پر گنے جاسکتے ہیں۔
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
آئی ایل ایم سے یو ایم ٹی، اسلامی نظامت تعلیم سے آفاق، انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز سے آئی ایل ایم کالجز اور دی نالج اسکول تک، اداروں کی کہکشاں ہے، جن کا وجود حسن صہیب مراد کے دم قدم سے آباد ہے۔ خرم مرادؒ اپنی تحاریر میں جس ادارہ سازی (Institutionalization) پر زور دیتے رہے، ان کے قابل فخر صاحب زادے حسن صہیب مراد نے کیا ہی اچھے انداز میں تعبیر کا روپ دیا۔ چند کمروں سے شروع ہونے والا آئی ایل ایم آج ایکڑوں زمین اور ہزاروں طلبہ و طالبات پر مشتمل ان کے وژن کا عکاس ہے۔
آج یو ایم ٹی اور حسن صہیب مراد لازم و ملزوم ہیں۔ صاحب طرز ا دیب، مختار مسعود نے ایک استعارے میں علی گڑھ کو چھوٹا پاکستان اور پاکستان کو بڑا علی گڑھ قرار دیا ہے، کہا جاتا ہے کہ بڑے ادارے انسانوں کو کھا جاتے ہیں۔ انسان کنویں کی مانند اداروں میں اترتا ہے، اور اپنے وجود کو اس میں بھلا بیٹھتا ہے، لیکن اسی ادارے پر وہ تاریخی وقت بھی آیا جب حسن صہیب نے اپنی عمر بھر کی شناخت اور کریڈٹ کو دوسروں کے سپرد کردیا۔ لوگ اپنے بزنس، اداروں اور کامیابیوں کے حوالے سے اس قدر حق ملکیت کے خوگر (Possessive) ہوتے ہیں کہ جیتے جی اس کریڈٹ کو کسی کے شانے اور سر پر آویزاں نہیں ہونے دیتے۔ اس معاملے میں بھی حسن صہیب مراد منفرد ہیں کہ ایک سال قبل شائستگی، وقار اور باقاعدہ میکنزم کے تحت وہ دونوں ہاتھ جھاڑ کر اپنے محبوب ادارے سے باہر نکل آئے اور کامیابی کا یہ ’’نشان حیدر‘‘ کسی اور کے کاندھے پر ٹانک دیا۔ البتہ اب اس مطمئن روح اور قناعت پسند طبیعت کے سامنے مقابلے کے کچھ اور میدان موجود تھے۔
ڈاکٹر حسن صہیب مراد سے پہلے میرا تعارف اور وابستگی ان کے والد اور تحریک اسلامی کے فکری رہنما، محترم خرم مرادؒ مرحوم سے تھی، جو ہندوستانی ریاست بھوپال کی شائستہ تہذیب کی علامت تھے۔ وہ ہمیشہ غیر جذباتی اور سائنسی انداز میں کام کرنے کے عادی تھے، جن کی نظر مقاصد پر اور قدم کامیابی کی جانب مائل رہتے۔۹۶۔ ۱۹۹۵ء میں ان سے استفادہ کا جو سلسلہ شروع ہوا، وہ آج بھی جاری و ساری ہے۔ حج کا حالیہ سفر میں نے ان کے دروس اور تقاریر کے سہارے مکمل کیا۔ یوں خرم صاحب مکہ، منیٰ، مزدلفہ، عرفات میں ہر جگہ میرے ساتھ تھے۔ خرم مراد کثیر التصانیف آدمی ہیں مگر ان کی اصل تصانیف ادارے ہیں، جو انہوں نے تشکیل دیے اور وہ اولاد ہے جن کی تربیت انہوں نے کی۔ محاورتاً نہیں حقیقتاً یہ خاندان ’’ایں خانہ ہمہ آفتاب است‘‘ تھا اور ہے۔ احمد مراد (امریکا) سے لے کر فاروق مراد (برطانیہ) تک، حسن صہیب مراد سے لے کر اویس طیب مراد تک، اسلامک فاؤنڈیشن لیسٹر سے لے کر آئی ایل ایم تک اور ترجمان القرآن سے لے کر پیغام ڈائجسٹ تک۔
ہر ذرّہ جس جگہ ہے، وہیں آفتاب ہے
خرم مراد مرحوم نے مکۃ المکرمہ سے لیسٹر اور ڈھاکا سے لاہور تک اپنے کام اور کاز سے عشق کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ اب یہ فیض نہ جانے کتنے افراد اور اداروں کو اپنی آغوش میں لے چکا ہے۔
میرا حسن صہیب مراد صاحب سے تعارف ۱۹۹۷ء کے ابتدائی ایام میں ہوا۔ ان دنوں وہ اسلامی نظامتِ تعلیم کے سربراہ بنائے گئے، تھوڑے ہی عرصہ بعد وہ آفاق کی سربراہی کے منصب پر فائز ہوئے۔ یہ اتفاق، حسرت اور محرومی، سب کچھ ہے کہ چند ماہ کی مختصر مدت میں ’’آفاق‘‘ کے تین ’’نجوم‘‘ اس مادّی دنیا سے ہمیشہ باقی رہنے والی آخرت کی طرف مراجعت کرگئے۔ مئی میں شاہین رشید، چند روز قبل ڈاکٹر نعیم قریشی اور آج حسن صہیب مراد، کیا ہی خوبصورت تھی یہ کہکشاں جو اپنی چمک دمک ساتھ لے گئی۔ شاہین رشید، حسن صہیب مراد کے ہم قدم بھی تھے اور دم ساز بھی۔ ملنسار، حلیم الطبع انسان جو گھاس میں لگے پانی کی طرح سرایت کرتا، اپنے ذمہ لگے کاموں کو خوبصورت انجام تک پہنچا دیتا۔ ڈاکٹر نعیم قریشی رِیڈ فاؤنڈیشن کی وساطت سے ’آفاق‘ کے افق پر اس طرح جگمگائے کہ یہ تعلق سانسوں کے ڈوبنے تک ان کے ساتھ رہا۔ لاہور، کشمیر اور اسلام آباد کی جامعات میں تدریسی اور انتظامی فرائض کی بجاآوری کے باوجود ’آفاق‘ کے ساتھ ڈاکٹر نعیم قریشی کی محبت مضبوط تر ہوتی گئی۔ تین سال مسلسل کینسر سے نبرد آزما ہونے کے بعد یہ متواضع اور ملنسار فرد ۷؍جون کو اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگیا۔
یہ سب ڈاکٹر حسن صہیب مراد کے ’’نظام شمسی‘‘ کے سیاّرے تھے۔ ’آفاق‘ کو حسن صہیب مراد کا وژن تو حاصل تھا ہی، ہم سب کی مشترکہ خواہش اور کوشش تھی کہ یو ایم ٹی کی طرح کی سرفروشی اور دْھن بھی ’آفاق‘ کو مل جائے۔ یو ایم ٹی کے آپریشنز سے سبکدوش ہونے کے بعد حسن صاحب اس کے لیے اپنا ذہن واضح کرچکے تھے۔ ’آفاق‘ کے نئے افق تلاش کرنے کے لیے ہم ابھی صف بندی کر ہی رہے تھے کہ دست قضا نے ہمارے قبیلہ کا سب سے زیادہ ’آزمودہ‘ اور ’ہنر مند‘ شاہ سوار واپس بلا لیا۔
ہر گزرنے والا دن نہ جانے کتنے انسانوں کو فنا کی بھینٹ چڑھا رہا ہے مگر خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے پیچھے اداروں کی صورت میں روحانی اولادیں چھوڑ جائیں، جو ان کے اجر کے ذخیروں کو آئے روز نیکیوں سے بھرتی چلی جائیں۔ دل غم سے اَٹا ہوا ہے اور نگاہیں آنسوؤں سے پُر، مگر مادّی بقا تو رسولوں کو بھی حاصل نہیں رہی۔
جو زندہ ہے وہ موت کی تکلیف سہے گا
جب احمد مرسل نہ رہے ، کون رہے گا
ہاں دوام ہے تو صرف پیام کو، اور اس پیام بر کو جو پیام کے لیے اپنی پوری زندگی تمام کردے۔
ایک سورج قبر کی تیرہ شبی میں گر گیا
میں نے دیکھا ہے سمندر، اِک ندی میں گر گیا
اِک ہمالہ، لوگ شانوں پر اٹھا کر لے گئے
اور میں وحشت زدہ حیرانگی سے گر گیا
اِک یقیں پر کچھ شکست و ریخت کے آثار ہیں
ایک زہریلا تذبذب زندگی میں گر گیا
خوشبوؤں کا ایک جھونکا تھا دماغوں میں رَچا
اِک جنازہ برگِ گْل کی پالکی میں گر گیا
وہ جو پڑھ لیتا تھا ذروّں سے ستاروں کے نصیب
کیوں عطارد سے الجھ کر مشتری میں گر گیا
(بشکریہ: ’’دلیل ڈاٹ پی کے‘‘۔ ۱۲؍ستمبر ۲۰۱۸ء)
Wonderful personality of Dr. Hassan Murad Sahib will remain a light for us. No doubt he was a great man.I have the honour to serve under him in UMT Lahore as Associate Professor in the Business School from 2000 through 2015 till my retirement. I always found him a polite and humble personality.
Allah bless Hasan SUHAIB Bhai