’’راہنمائے صحت‘‘ کی تقریبِ رونمائی

یکم دسمبر ۲۰۰۷ء کی شام ’’اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی‘‘ میں ڈاکٹر سید احسن حسین کی نئی کتاب ’’راہنمائے صحت‘‘ کی تقریبِ رونمائی ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل (ر) ڈاکٹر سید اظہر احمد (وائس چانسلر بقائی میڈیکل یونیورسٹی) تھے جبکہ صدارت پروفیسر اعجاز وہرہ (چیئرمین ڈپارٹمنٹ آف میڈیسن ضیاء الدین میڈیکل یونیورسٹی) نے کی۔ نظامت کے فرائض معروف فیملی فزیشن ڈاکٹر فرخ ابدالی نے انجام دیے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد ’’اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید شاہد ہاشمی نے اپنے ادارہ کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ آپ لوگ سوچ رہے ہوں گے کہ ’’راہنمائے صحت‘‘ میں کوئی اسلامی بات نہیں ہے، صحت کے موضوع پر کتاب ہے، پھر اکیڈمی میں اس کی اشاعت کیسے ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہر اچھی بات اسلامی بات ہے۔ اسلامی معاشرہ میں صحت مند اَقدار کے ساتھ صحت مند افراد بھی چاہییں۔ اسی لیے ہمارا ادارہ اچھی اور معیاری کتابوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ہمارے ہاں ’’راہنمائے صحت‘‘ کی اشاعت اِس بات کا ثبوت ہے۔

تقریب کے میزبان ڈاکٹر فرخ ابدالی نے کہا کہ دورِ حاضر کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ انسان کا رشتہ کتاب سے ٹوٹ کر اسکرین سے جُڑ گیا ہے۔ پہلے ٹی وی اسکرین، پھر کمپیوٹر اسکرین اور اب موبائل فون اسکرین نے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ علم و آگہی کے لیے ضروری ہے کہ انسان کا رشتہ کتاب سے جوڑا جائے جس کے لیے اچھی اور معیاری کتب کی فراہمی لازمی ہے۔ ’’راہنمائے صحت‘‘ کی خوبی یہ ہے کہ اس کتاب میں ایسی چیزوں کو بھی موضوع بنایا گیا ہے جنہیں عام طور پر لوگ نظرانداز کر دیتے ہیں۔ مثلاً منہ کے چھالے، ناف اترنا، ہنسلی کا اترنا وغیرہ۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر سید احسن حسین میرے قریبی دوست ہیں، اس لیے میں ان کے کام اور افکار سے بھرپور واقفیت رکھتا ہوں۔ انھوں نے معاشرہ میں پھیلی ہوئی غلط فہمی اور واہموں کے خلاف بھرپور کام کیا ہے۔ جس وقت اتائی لوگوں نے طبِ نبویؐ کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنانا شروع کیا تو ڈاکٹر احسن نے سب سے پہلے اس کے خلاف ایک مضمون لکھا جس میں واضح کیا کہ اس طرح کی باتیں نبیؐ کے منصب کے خلاف ہیں۔

تقریب کے صدر پروفیسر اعجاز وہرہ نے کہا کہ ’’راہنمائے صحت‘‘ ایک مختصر مگر جامع کتاب ہے اور اس طرح کی کتابیں ہمارے معاشرے کی اہم صرورت ہیں۔ انھوں نے مصنف کی محنت کی داد دیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے کام کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، بلاشبہ یہ ایک بہترین کتاب ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل (ر) سید اظہر احمد نے کہا کہ یہ کتاب ہر گھر کی ضرورت ہے۔ گھر کی خواتین خصوصاً مائوں کو یہ کتاب ضرور پڑھنا چاہیے تاکہ وہ بچوں کی بہتر طریقے سے دیکھ بھال کر سکیں اور صحت سے متعلق غلط مفروضوں اور واہموں میں نہ پڑیں اور ٹوٹکوں وغیرہ سے بچیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کی کتابیں انگریزی زبان میں تو بہت مل جاتی ہیں مگر اردو زبان میں ایسی کتابیں نایاب ہیں۔ اس کتاب کی خوبی یہ ہے کہ بہت سادہ اور عام فہم زبان میں لکھی گئی ہے، ’’راہنمائے صحت‘‘ ڈاکٹر احسن کی بہترین کاوش ہے۔

تقریب کے آخر میں کتاب کے مصنف ڈاکٹر سید احسن حسین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی جانب سے پذیرائی میرے لیے اعزاز ہے اور کتاب کے لیے بھی انھوں نے اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید شاہد ہاشمی اور ڈاکٹر فرخ ابدالی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ جب کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سید احسن حسین نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تہہ دل سے مشکور ہوں کہ آپ لوگوں نے اپنے قیمتی وقت میں سے میرے لیے وقت نکالا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو کچھ لکھا جاچکا ہے اس سے بہت زیادہ لکھنا ابھی باقی ہے۔ دعا کریں کہ اﷲ تعالیٰ میری توفیقات میں اضافہ کرے۔ بعد ازاں اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے مہمانِ خصوصی اور صدرِ مجلس کو تحائف پیش کیے۔ کتاب کے مصنف نے بھی مہمانِ خصوصی اور صدرِ مجلس کو اپنی کتاب ’’راہنمائے صحت‘‘ پیش کی۔

{}{}{}

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*