اخبار تحقیق کا دو لسانی نشریہ جاری کر دیا گیا

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے تحقیقی ادارہ، ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کا دو لسانی نشریہ ’’اخبار تحقیق‘‘ ذرائع ابلاغ کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ نشریہ دو سال کے انقطاع کے بعد ۲۰۱۳ء کے خصوصی شمارہ کی حیثیت سے جاری کیا گیا ہے۔ اس شمارے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلی بار اردو کے علاوہ عربی میں بھی شائع کیا گیا ہے۔

اس کے اردو حصے میں علی گڑھ یونیورسٹی کے معروف دانشور اور سیرت نگار ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی کی سیرت نگاری پر ۵ خطبات کا خلاصہ، اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریوش کی ۸ کتب کا تعارف، مطالعہ کی میز پر مختلف دینی و معاصر کتب، ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کی مرکزی لائبریری میں دنیا بھر سے موصول ہونے والے مجلات پر ایک نظر، پاکستان، عالم اسلام اور دنیا بھر میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ شامل ہیں۔ اس کے عربی حصے میں ادارہ تحقیقاتِ اسلامی کا مکمل تعارف، عالم اسلام کی خبریں اور دیگر موضوعات شامل ہیں۔

یہ خصوصی شمارہ ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کے نائب سربراہ ڈاکٹر سہیل حسن کی نگرانی اور سید مزمل حسین کی ادارت میں شائع ہوا ہے۔ اس کی مجلس مشاورت میں ڈاکٹر عصمت اللہ، متین احمد شاہ، محمد اسلام اور امجد محمود شامل ہیں۔

(بشکریہ: ’’اخبار تحقیق‘‘۔ خصوصی شمارہ ۲۰۱۳ء)

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*


This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.