ایشیا ’’ارب پتی‘‘ افراد میں سب سے آگے

دنیا بھر میں سب سے زیادہ ارب پتی اس وقت چین میں ہیں۔ یہ بات دولت مند افراد کے بارے میں شائع ہونے والے ایک چینی جریدے نے بتائی ہے۔ ’’ہورون رپورٹ‘‘ نے بتایا ہے کہ کسی بھی براعظم کے مقابلے میں زیادہ ارب پتی چین میں ہیں۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ شمالی امریکا سے زیادہ ارب پتی کہیں اور پائے گئے ہوں۔ ’’ہورون رپورٹ‘‘ کے مطابق جنوری ۲۰۱۳ء تک دنیا بھر میں ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد کی ذاتی املاک رکھنے والے افراد کی تعداد ۱۴۵۳ ہے۔ جریدے کے مطابق ایشیا میں ۶۰۴

؍ ارب پتی، شمالی امریکا میں ۴۴۰؍ اور یورپ میں ۳۲۴؍ ارب پتی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سب سے زیادہ ارب پتی ایشیا میں پائے گئے ہیں۔

امریکا کے معروف کاروباری جریدے ’’فوربس‘‘ نے دنیا کے امیر ترین افراد کی اب تک کی آخری فہرست گزشتہ مارچ میں مرتب کی تھی، جس کے مطابق ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں ارب پتی افراد کی تعداد ۳۱۵ ہے۔ شمالی امریکا میں ارب پتی افراد کی تعداد ۴۵۰؍ اور یورپ میں ۳۱۰ ہے۔

ہورون کی بنائی ہوئی فہرست کے مطابق چین میں ۴۰۸ اور امریکا میں ۳۱۷؍ ارب پتی ہیں۔ ان کے بعد روس، جرمنی اور بھارت ہیں۔ میکسیکو کے ٹیلی کام سی زار ۷۳ سالہ کارلوس سِلم ۶۶؍ ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے امیر ترین انسان ہیں۔ فوربس نے بھی کارلوس سِلم ہی کو دنیا کا امیر ترین انسان قرار دیا تھا۔

ہورون رپورٹ کی رینکنگ میں امریکی سرمایہ کار وارن بفیٹ ۵۸؍ ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے اور فیشن برانڈ زارا کے مالک ہسپانوی بزنس مین امانسیو اورٹیگا ۵۵؍ ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہانگ کانگ کے سرمایہ کار لی کا شِنگ نے ۳۲؍ ارب ڈالر کے ساتھ ایشیا کے امیر ترین فرد کا اعزاز برقرار رکھا۔ وہ عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ ہورون رپورٹ کے چیئرمین اور چیف ریسرچر کہتے ہیں کہ چین میں ترقی کا عمل بہت تیز رفتار ہے۔ شہروں کی آبادی بڑھ ہی نہیں رہی، جدید ترین اشیا بھی استعمال کی جارہی ہیں۔ شہروں میں پراپرٹی کی قیمت بہت بلند ہوچکی ہے۔

سوفٹ ڈرنک واہاہا (Wahaha) تیار کرنے والے ادارے کے مالک ژونگ کنگہُو (Zong Qinghoo) اور سیکرٹری وان جانگلیاں (Wang Jianlin) چین کے مرکزی علاقے سے ابھر کر ۱۰۰؍ مالدار ترین چینیوں میں شامل ہونے والے دو افراد ہیں۔ ہورون رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے امیر ترین یعنی ارب پتی افراد کے مجموعی اثاثے ساڑھے پانچ ہزار ارب سے زائد مالیت کے ہیں۔ دنیا بھر میں سرکاری ادارے بھی مالی اعتبار سے تیزی سے مضبوط ہوتے جارہے ہیں۔ فہرست میں شامل دس مالدار ترین افراد کے اثاثے ۲۲ فیصد سالانہ اور یومیہ ۲۵ کروڑ ڈالر کی رفتار سے بڑھے۔

(“Asia has the World’s Most Billionaries”. AFP)

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*